• news

ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ، سری لنکا، آج مدمقابل، پروٹیز کا پلڑا بھاری

بر منگھم (سپورٹس رپورٹر) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 35 واں میچ آج پروٹیز اور آئی لینڈرز کے درمیان چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میچ میں شرکت کیلئے جنوبی افریقہ اور سری لنکن ٹیمیں چیسٹرلی سٹریٹ پہنچ چکی ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے۔ پروٹیز ٹیم کے کپتان فف ڈوپلیسی کا یہ ماننا ہے کہ انکی ٹیم رواں میگا ایونٹ میں کوئی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ پروٹیز ٹیم میگا ایونٹ میں بری طرح ناکام رہی ہے اور وہ اب تک سات میچز کھیل چکی ہے اور صرف ایک میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے‘کھلاڑیوں کو جیت کیلئے تمام شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہوگی ۔ پروٹیز ٹیم کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ دوسری جانب آئی لینڈرز چھ میچز کھیل چکے ہیں جس میں سے انکو دو میچز میں فتح ملی دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس کے دو میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ یوں سری لنکن ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 7 ویں نمبر پر ہے۔سری لنکن کپتان کرونا رتنے کہا ہے کہ ہمارے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں ‘سیمی فائنل دوڑ کیلئے تمام میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی ۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے ۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میگا ایونٹ کے 35ویں میچ میں کامیابی کیلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔

ای پیپر-دی نیشن