افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹمصر ‘نائیجیر یا پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
لاہور(سپورٹس ڈیسک) مصر اور نائیجیریا کی ٹیمیں فتوحات برقرار رکھتے ہوئے افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔مصر میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں مصر کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ڈی آر کانگو کو 2-0 گولز سے زیر کر کے مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، المحمدی نے 25ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 43ویں منٹ میں محمد صلاح نے گول کر کے مصر کی برتری دوگنی کر دی جو نہ صرف پہلے ہاف بلکہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اسی گروپ میں یوگینڈا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔گروپ بی میں نائیجیریا نے گوئنی کو 1-0 گول سے زیر کر کے مسلسل دوسری فتح کے ساتھ پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، اومیرو نے میچ کے 73ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور ان کا یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔