اسلام آباد میں شاپنگ بیگ پر پابندی بل منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دیا: زرتاج
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ شاپنگ بیگ پر پابندی کا بل وزیر اعظم کو بھجوایا گیا ہے جیسے ہی منظوری آئے گی بل کو کابینہ کے اجلاس میں بھجوایا جائے گا۔ 14 اگست کے بعد اسلام آباد کی حدود میں پلاسٹک بیگ پر سختی سے پابندی عائد کی جائے گی۔ اسلام آباد کے 33سکولوں میں کلین اینڈ گرین پروگرام شروع کر رہے ہیں جس کا افتتاح جلد ہی وزیر اعظم کریں گے۔ ہائی رائز بلڈنگ کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہو گا جس کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ سینٹ کی موسمیاتی تبدیلی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونئیر سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر ثمینہ سیعد کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کی ماہر دشکہ سید ، کرسٹینا آفریدی کے علاوہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے علاوہ سی ڈی اے اور میونسپل کمیٹی کے حکام نے شرکت کی۔