• news

مشکل اور مثالی، حکومتی فیصلوں کی کامیابی کے لئے مل کر ذمہ داری ادا کرنی چاہئے: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے معاشی خودمختاری کے بغیر کوئی خودمختاری ممکن نہیں ہے۔ حکومت نے طویل مدتی فوائد کے حصول کے لیے مشکل اور مثالی فیصلے کیے۔ ان فیصلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے سب کو مل کر ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ مشکل وقت میں کوئی ایک فرد تن تنہا کامیاب نہیں ہو سکتا۔ ایسے مواقع پر قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوتا ہے اور اب وقت ہے کہ ہم ایک قوم بن کر دکھائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ’قومی معیشت‘ پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ، چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی اور مالیاتی و معاشی امور کے ماہرین نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حکومت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی قومی اہمیت کے معاملات پر کھل کر بات چیت ضروری ہے۔ سلامتی اور معاشی استحکام کے درمیان گہرا تعلق ہے کیونکہ دونوں ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ موجودہ معاشی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مالیاتی مِس مینجمنٹ کی وجہ سے مشکل معاشی دور سے گزر رہے ہیں۔ ہم مشکل فیصلے کرنے سے کتراتے رہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت نے طویل المیعاد مفاد کیلئے مشکل لیکن مثالی فیصلے کئے ہیں۔ ہم اس میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ مشکل فیصلے کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی کے لیے علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، مشکل فیصلے کرنے سے مختلف ملک معاشی بحران سے کامیابی سے نمٹے، ماضی قریب میں ایسی مثالیں موجود ہیں جب مختلف ممالک کو اس طرح کے چیلنجز کا سامنا رہا، اور وہ مشکل فیصلے کر کے کامیاب رہے۔ معاشی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، ان شاء اللہ ہم ان مشکل حالات سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔ مسلح افواج نے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لیکر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی جانب سے منعقد سیمینار میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکر حفیظ شیخ، انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈین اور ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے معاشی امور ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت دیگر شریک تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجز کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملک کو درپیش سکیورٹی خطرات، اقتصادی پالیسیوں میں عدم تسلسل، اقتصادی نظم و ضبط کی کمی اور ماضی میں مشکل فیصلوں سے گریز کو موجوہ اقتصادی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن