• news

رائل پام کلب کا فیصلہ ریلوے کے حق میں آنے پر شیخ رشید وزیراعظم کو مٹھائی کھلانے پہنچ گئے

لاہور (نیٹ نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے رائل پام کلب سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدلیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے تاریخی فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا وہ قوم سے وعدہ کرتے ہیں ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے۔ذرائع کے مطابق رائل پام کنٹری کلب کا فیصلہ ریلوے کے حق میں آنے پر وفاقی وزیر شیخ رشید خوشی سے نہال ہو گئے۔ وزیراعظم سے خصوصی ملاقات میں انھیں فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہوں نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو مٹھائی بھی کھلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا خسارہ دور ہونے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے ان سے پوچھا کہ اب رائل پام کنٹری کلب کو کون چلائے گا؟اس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب انٹرنیشنل ٹینڈر ہوگا، عالمی سطح کی کمپنی چلائے گی۔ سپریم کورٹ نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تین ماہ میں نئی انتظامیہ سے متعلق بھی قواعد وضوابط طے کیے جائیں گے۔ مغلپورہ اور دھرم پورہ کے سنگم پر نہر کنارے ریلوے کی قیمتی اراضی کو 2001ء میں مین لینڈ حسنین پاکستان لمیٹڈ کمپنی کو 49 سالہ لیز پر دیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن