• news

افغانستان آسان حریف نہیں ، اچھی کرکٹ کھیلیں گے: حارث سہیل

لیڈز(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے میڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے کہا ہے کہ افغانستان ٹیم آسان حریف نہیں ہے اس کے پاس اچھے سپن باولر ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر کامیابی حاصل کریں۔ لیڈز ہیڈنگلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حارث سہیل کا کہنا تھا کہ وارم اپ میچ میں شکست کا ورلڈ کپ کے میچ میں کوئی پریشر نہیں ہوگا۔ حارث سہیل کا کہنا تھا کہ باقی میچوں میں کیا ہو رہا ہے اس پر نظر رکھنے کی بجائے ہمیں اپنے میچز جس میں افغانستان اور بنگلہ دیش ہیں کے خلاف فوکس کیے ہوئے ہیں۔ ٹیم کی ضرورت کے مطابق اگر کپتان چاہے گا تو باولنگ کے شعبہ میں بھی اپنی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرونگا۔ میچ سے پہلے افغانستان کی خامیوں کا ویڈیور کے ذریعے جائزہ لیا گیا ہے۔ حریف ٹیم کی خامیوں کو مد نظر رکھ کر تیاری کر رہے ہیں۔ حارث سہیل کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں اچھا پرفارم کیا جبکہ ورلڈ کپ میں مجھے چوتھے اور پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ڈراپ ہونے کے بعد کچھ منفی نہیں سوچا تھا بس پازیٹو رہا کہ جب موقع ملا پرفارم کر کے اپنے انتخاب کو درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔ صورتحال کے مطابق کھیل رہا ہوں اس لیے سٹائل میں تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ حارث سہیل کا کہنا تھا کہ میں کبھی اپنی پرفارمنس سے باہر نہیں ہوا۔ سرجری کے بعد فٹنس پر قابو پایا۔ ہارنے کے بعد جیت بڑی اہمیت اختیار کر جاتی ہے، بابر اعظم کے ساتھ کھیلنے میں آسانی محسوس ہوئی اور پھر جارحانہ کھیل شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیزوں کو سادہ رکھ کر ہی ہم اچھا کھیل سکتے ہیں۔ یوسف یونس اور مصباح الحق کے رول کا سوچ کر ہم اپنے اوپر دباو ڈالیں گے۔ ہمارا ٹارگٹ صرف اپنے میچوں کی جیت پر ہے، اگر ٹیم کو باولنگ کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کروں گا۔ ہمارا کام گراونڈ میں اچھا پرفارم کرنا ہے بورڈ ٹو بورڈ کیا معاملات چل رہے ہیں اس سے ہمیں کوئی غرض نہیں ہے۔ ہم افغانستان کے خلاف صرف اور صرف جیت کے لیے میدان میں اتریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن