پاکستان ‘افغانستان ٹیموں کی پریکٹس‘گرین شرٹس افغان ٹیم کیخلاف ناقابل شکست
لیڈز (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان اب تک تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ تینوں میچوں میں پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ عالمی کپ مقابلوں میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں پہلی مرتبہ آمنے سامنے آ رہی ہیں۔ پاکستان ٹیم نے ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے گذشتہ روز بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس میں حصہ لیا اور لیڈز کے ماحول میں اپنے آپ کو ایڈجسٹ کیا۔ میچ سے قبل ہیڈنگلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔بلے بازوں نے نیٹ میں بیٹنگ پریکٹس کی۔کپتان سرفراز احمد، سینئر کھلاڑی شعیب ملک اور محمد حفیظ نے کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے لیے گفتگو کی، جس کے بعد کھلاڑیوں نے ہینڈ بال کھیل خوب انجوائے کیا جس میں کھلاڑیوں کا جوش و خروش اور مورال دیدنی تھا۔کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کی مشقیں بھی کیں، سابق کپتان شعیب ملک نے فیلڈنگ پریکٹس کرائی جس کے بعد نیٹ پر بائولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کی گئیں۔ افغانستان کے خلاف حتمی پلئینگ الیون کا تو فیصلہ نہیں ہوا تاہم وننگ کمبی نیشن میں تبدیلی کا امکان موجود نہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ لیڈز کا موسم خاصا خوشگوار ہے بادلوں کیساتھ سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، اگلے دو روز بھی موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہیڈنگلے میں کل بھی تیز دھوپ نکلے گی اور موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔