• news

اے این پی پشاور کے صدر سرتاج خان قتل

پشاور(این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر سرتاج خان قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور کے تھانہ گلبہار کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد اے این پی کے ضلعی صدر سرتاج خان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے،فائرنگ کے نتیجے میں سرتاج خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔سرتاج خان کی لاش کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیابعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے خیبر میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر غلام بلور سمیت اے این پی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی، اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اے این پی سٹی کے صدر سرتاج خان پر فائرنگ کی مذمت اور سانحے میں ان کی شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی اندرون شہر موجودگی نے سیکورٹی کی صورتحال واضح کر دی ہے،شہریوں کی جان کسی طور محفوظ نہیں اور سرتاج خان کی شہادت نے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہارون بلور کی شہادت کے بعد سرتاج خان کی شہادت شاید اے این پی کیلئے خفیہ پیغام ہے، اے این پی کو راستے سے ہٹانے کیلئے ریاستی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن