کسی پولنگ سٹیشن پر قبضہ نہیں ہوا الیکشن کمشن نے شاہد خاقان کے بیان کی تردید کر دی
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی پر تعینات فورسز نے سوائے سیکیورٹی معاملات کے پولنگ عملے کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے لگائے الزام جس میں کہا گیا کہ 2018الیکشن میں پولنگ اسٹیشن کے اندر الیکشن کمیشن کا کنٹرول نہیں تھا اور کوائی جواز نہیں بنتا کہ سابق فاٹا پولنگ اسٹیشن کے اندر سیکیورٹی فورسز تعینات کی جائیں ۔ الیکشن کمیشن نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے ، اس ضمن میں یہ وضاحت ضروری ہے کہ پاکستان میں موجود جتنے بھی خودمختار ادارے ہیں ان کے 2018انتخابات پر شائع رپورٹس گواہ ہے کہ پچھلے انتخابات کے موازنے میں 2018الیکشن میں کوئی بھی ایسا واقعہ نہیں ہوا کہ سیکیورٹی پر تعینات فورسز نے سوائے سیکیورٹی معاملات کے پولنگ عملے کے کام میں کسی قسم کی مداخلت کی ہو ۔ فافن کی رپورٹ اس کا واضح ثبوت ہے ۔تمام مبصر اداروں کے مطابق گزشتہ انتخابات میں پورے ملک میں پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کا کوئی ایک واقعہ پیش نہیں آیا۔