• news

مسلم لیگ ن کے ناراض 15 ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات‘ پالیسیوں پر اظہار اعتماد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ ن کے ناراض 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے بنی گالا میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بنی گالا کے ذرائع کے دعویٰ کے مطابق یہ ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب، سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ہوئی۔ وزیراعظم سے ملنے والے ارکان اسمبلی کا تعلق مختلف اضلاع سے تھا۔ بعض ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملاقات کرنے والوں میں 9 لیگی ایم این ایز بھی تھے۔ دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی میاں ریاض حسین پیر ذادہ نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ وہ پارٹی کے ساتھ ہیں، ان کے متعلق افواہ سازی کی جارہی ہے، وہ سات بار ایم این اے بن چکے ہیں اور اس طرح چپکے سے کسی کو ملنے کی ضرورت نہیں ہے، اپنی پارٹی اور قائدین کے ساتھ ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ناراض لیگی اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کیا۔معاون خصوصی نعیم الحق نے لیگی ایم پی ایز کی وزیراعظم سے ملاقات کی تصدیق کر دی۔ نعیم الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے 15 ایم پی ایز نے بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جو ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ لیگی ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ان کی اپنی قیادت سے مایوسی وزیراعظم سے ملاقات میں عیاں تھی۔ لیگی ایم پی ایز نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن پنجاب میں بکھرناشروع ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن