• news

ایف آئی اے نے رانا مشہود کو امریکہ جانے سے روک دیا‘ اہلکاروں سے تلخ کلامی

لاہور (نیوز رپورٹر + سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود خان کو نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے امریکہ جانے سے روک دیاگیا ،رانا مشہود احمدخان اور امیگریشن اہلکاروں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا،جبکہ رانا مشہود نے کہا ہے کہ نیب سے رابطے اور کیس دریافت کرنے میں میری فلائٹ روانہ ہوگئی۔ رانا مشہود علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے نجی ائیر لائن کی پرواز 621کے ذریعے امریکہ روانہ ہونا چاہتے تھے تاہم ایف آئی اے امیگریشن حکام نے انہیں نام بلیک لسٹ ہونے پر امریکہ جانے سے روک دیا اور طیارے سے آف لوڈ کر دیا۔ اہلکاروں کا کہنا تھاکہ آپ اپنا نام بلیک لسٹ سے کلیئر کرا لیں اور جہاں چاہیں سفر کریں۔ رانا مشہود پر یوتھ فیسٹیول میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں اور رانا مشہود اس سلسلے میں نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں۔ رانا مشہود کے مطابق نیب سے رابطے کے دوران نیب حکام نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ رانا مشہود خان ہمیں مطلوب نہیں۔ نیب نے واضح کیا کہ رانا مشہود ہر لحاظ سے کلیئر ہے انہیں جانے دیا جائے۔ ایف آئی اے سمیت متعلقہ حکام کی لاعلمی کی وجہ سے میرا وقت ضائع ہوا اور میری فلائٹ بھی روانہ ہوگئی۔ نیب لاہور نے پنجاب سپورٹس فیسٹیول تحقیقات میں رانا مشہود کو ذاتی حیثیت میں 8 جولائی کو طلب کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر نیب تحقیقات سے بچنے کیلئے لاہور ائرپورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی ہے۔ ائرپورٹ حکام نے فرار کی کو کوشش ناکام بنا دی۔ نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر کا نام باقاعدہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنیکی درخواست وزارت داخلہ کو بھجوائی جا چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن