• news

بچے ہمارا مستقبل‘ انہیں تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے گھنائونے واقعات کو روکنے کیلئے قابل عمل جامع ایکشن پلان مرتب کیا جائے اور پولیس ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے۔ وزیراعلیٰ نے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات کا سدباب یقینی بنائیں اور ایسے واقعات میں ملوث ملزم خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف بلاتفریق ایکشن ہوتا ہوا نظر آنا چاہیئے۔ بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات پر بہت تشویش ہے۔ میں صوبے کے عوام کو جوابدہ ہوں۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں، انہیں تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کو معصوم بچوں کی زندگیاں برباد کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی۔ بچوں کے ساتھ ایسی قبیح حرکت کرنے والے کسی بھی معاشرے کیلئے بدنما داغ ہیں،عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف مہم کے دوران گزشتہ 10 ماہ میں کارروائیاںکرکے 146 مقدمات درج کئے ہیں اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران 496 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا ہے کہ صوبے کو قبضہ مافیا سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے با اثر قبضہ مافیا کو نکیل ڈالی ہے۔ ماضی میں قبضہ گروپوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی پنجاب میں قبضہ مافیا کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن