ایشیائی ترقیاتی بنک کا خیبر پی کے حکومت کو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان
پشاور (اے پی پی) خیبر پی کے کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندہ وفد نے پشاور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبر پی کے اور ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے مابین معاشی و سماجی ترقی کے لئے جاری منصوبوں کے علاوہ مستقبل میں بنک اور صوبے کے مابین عوامی فلاح وبہبود کے مجوزہ منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفد کو صوبائی حکومت کے معاشی اصلاحات اور صوبے کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے مفصل طور پر آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال سے کم عرصے میں اپنی ترجیحات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے غیر روایتی انداز میں مشکل فیصلے کئے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پی کے حکومت صوبے کے تمام افراد کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے '' صحت انصاف پر وگرام'' کو مزید وسعت دے رہی ہے اور آئندہ 6 ماہ کے دوران صوبے کے باقی ماندہ خاندانوں کو بھی صحت انصاف کارڈز کا اجراء کردیا جائے گا۔ اس موقع پروفد نے صحت کے شعبے کے فروغ کے لئے ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کی جانب سے صوبے کی مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وفد نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک خیبر پختونخوا میں صحت عامہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اس شعبے کو مزید فروغ دینے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔وفد نے تاریخی اور کامیا ب صوبائی بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبے کی معاشی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سود مند ثابت ہوں گے۔