پاکپتن، عارفوالہ کے وکلاء نے جھوٹی رپورٹ خارج ہونے پر ہڑتال ختم کر دی
پاکپتن، عارفوالہ (نمائندہ نوائے وقت) وکلاء اور دوکانداروں کے درمیان کشیدگی کے معاملہ پر پولیس کی عدالتوں میں داخلہ پر پابندی رنگ لے آئی، وکلاء کے خلاف جھوٹی کراس ورشن رپورٹ خارج،ہڑتال ختم۔بتایا گیا ہے کہ تحصیل عارفوالا میں وکلاء اور تاجروں کے درمیان ہونیوالے تصادم کے واقعہ پر ڈسٹرکٹ بار پاکپتن اور تحصیل بار عارفوالا میں پولیس کی عدالتوں میں داخلے پر عائد کی گئی پابندی اور وکلاء کی ہڑتال تین روز بعد رنگ لے آئی، پولیس نے ایس پی انویسٹی گیشن سلیم وڑائچ کی سربراہی میں وکلاء کے خلاف درج کی گئی جھوٹی کراس رپورٹ خارج کردی جس پر وکلاء نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے عدالتوں میں داخلے پر عائد پابندی ہٹانے اور ہڑتال کے خاتمہ کی کال دے دی۔ڈسٹرکٹ بار پاکپتن کے صدر رائو محمد اکرم کا کہنا ہے کہ سوموار سے تمام عدالتوں میں کام ہوگا۔