• news

ساہیوال/ سرگودھا: حوالات میں بند 33 سالہ نوجوان دم گھٹنے سے جاں بحق

ساہیوال/سرگودھا (نامہ نگار) تھانہ ساہیوال (سرگودھا)کی حوالات میں بند 33سالہ نوجوان غلام رضا شدید حبس اور گرمی کے باعث دم گھٹنے سے حوالات میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قصبہ آہیر سرخرو کا رہائشی 33 سالہ غلام رضا نشہ کا عادی تھا۔ چوری کے شعبہ میں 29مئی کو پولیس تھانہ ساہیوال غلام رضا کو پکڑ کر لے آئی اور تھانہ ساہیوال کی حوالات میں بند کر دیا غلام رضا مسلسل ایک ماہ تک بغیر کسی مقدمہ اور گرفتاری کے حوالات میں بند پڑا رہا۔ اس کی موت پر پولیس اس کی نعش ٹی ایچ کیو ہسپتال پولیس لے آئی لیکن ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے پولیس کی خواہش کے مطابق یہ لکھ کر دینے سے انکار کر دیا کہ غلام رضا دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا پولیس تھانہ ساہیوال نے غلام رضا کے لواحقین کی علاقہ کے بااثر افراد کی وساطت سے منت سماجت کی کہ وہ امر الہی مانتے ہوئے غلام رضا کی نعش تھانہ سے لے جائیں اور کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن