بجلی کے صارفین کو ریلیف دینے اور شمسی توانائی کے فروغ کیلئے ہدایات جاری
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)بجلی کے صارفین کو انکے ماہانہ بلوں میں ریلیف اور مُلک میں گھریلو سطح پر شمسی توانائی کے فروغ کیلئے تمام بجلی تقسیم کارکمپنیوں کو خصوصی اقدامات کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گیئں ہیں۔ ان اقدامات کی وجہ سے صارفین کے بلوں میں واضح کمی آسکتی ہے۔ یہ ہدایات سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے اسی موضوع پر یک نکاتی ایجنڈا اجلاس میں جاری کیں۔ہدایات کے مطابق تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو انکے مختلف علاقوں کیلئے مخصوص نیٹ میٹرنگ کے فروغ کے اہداف دیئے جائیں گے۔تمام بجلی تقسیم کارکمپنیاں ون ونڈو کے ذریعے دلچسپی رکھنے والے صارفین کو تمام سہولیات مہیا کریں گی۔کھلی کچہریوں میں ہر ہفتے کے دن متعلقہ سپریٹنڈنگ انجینئرز اور ایکسین لوگوں کو نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے بریف کیا کریں گے۔متعلقہ افسران کی کارکردگی کی جانچ میں نیٹ میٹرنگ کے اہداف کو بھی شامل کیا جارہا ہے جو جہ انکی ترقی میں اضافی پوانئٹس شمار کئے جائیں گے۔اس ضمن میں مانیٹرنگ کیلئے بھی خاص ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔نیٹ میٹرنگ کو بلا امتیاز اور شفاف طریقے سے انتہائی سہل طریقہ کار کے ذریعے تمام بجلی کے صارفین کیلئے دستیاب کیا جارہا ہے ۔ تمام بجلی تقسیم کارکمپنیاں بجلی صارفین کی آگاہی مہم بھی اس ضمن میں چلائیں گی۔اجلاس نے نیٹ میٹرنگ جس کے ذریعے شمسی توانائی سے حاصل ہونیوالی بجلی کو کوئی بھی صارف متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی کو بیچ سکتاہے ، کو بجلی کے بلوں میں کمی کی طرف ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔