وزیراعظم سے چار پانچ ارکان ملے، لوٹوں کے گھروں کا گھیرائو اپنی قیادت میں کروں گا: ثناء اللہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناء اللہ نے لیگی ارکان کی وزیراعظم سے ملاقات کے معاملے پر حکومتی دعووں کو جھوٹا پراپیگنڈا قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت عوام دشمن بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر کوئی لوٹا ہوا تو کارکن ان کے گھروں کا گھیرائوکریں گے جسکی قیادت میں خود کروں گا۔ اگر کسی رکن نے لوٹا بننے کی کوشش کی تو اسے ہماری جماعت کی رکنیت سے مستعفی ہونا ہو گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم ہائوس میں لوٹا کریسی کے لئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ 4 سے 5 ارکان کی ملاقات کو رد نہیں کیا جاسکتا تاہم 15 ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ رانا ثناء اللہ نے شیخ رشید کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیدا ٹلی صاحب کل کے بعد عوام دشمن بجٹ پاس کروانے کے بعد عمران نیازی کی سیاست شروع نہیں بلکہ ہمیشہ کیلئے دفن کردی۔ نالہ لئی میں ڈوب کر خودکشی کرلیں۔ شیدا ٹلی سمیت پوری تحریک انصاف کو شرم آنی چاہئے۔ چپڑاسی نے پوری پارٹی پر قبضہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف ٹیکس چوروں‘ منی لانڈرز اور کمشن خوروں کا قبرستان ہے۔