برطانوی شہزادہ ولیم ، انکی اہلیہ رواں سال پاکستان کا دورہ کرینگے، استقبال کے منتظر ہیں : نفیس زکریا
لندن، اسلام آباد (عارف پندھیر، سٹاف رپورٹر) برطانیہ کے کنگسٹن پیلس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کیمبرج کے ڈیوک اور ڈچیز، شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ پاکستان کا سرکاری دورہ کریںگے۔ ایک ٹویٹ کے مطابق برطانیہ کے خارجہ اور دولت مشترکہ دفتر کی درخواست پر کیا جانے والا یہ دورہ پاکستان رواں سال موسم خزاں میں ہوگا۔ 2006ء کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا جب شہزادہ چارلس اور شہزادی کمیلا نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس سے پہلے ملکہ برطانیہ نے 1961 اور 1997 اور شہزادی ڈیانا نے 1991 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور کی وزارت نے اعلان کردہ اس اعلی سطح کے دورے کا خیر مقدم کیا ہے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا ہے کہ کیمبرج کے شہزادے اور شہزادی کا اس سال پاکستان کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ برطانیہ پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام شاہی خاندان کے افراد کے اس دورے کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں۔ نفیس زکریا نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی مراسم ہیں اور ان کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ استقبال کے منتظر ہیں۔ حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا پاکستانی عوام برطانوی ملکہ کا 1961ء اور 1997ء کے دورے کو تاحال نہیں بھولے۔ دونوں کا دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کا عکاس ہے۔ دونوں ممالک تاریخی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے خواہش مند ہیں۔ پاکستان ہائی کمشنر نفیس زکریا نے چند روز پہلے اپنی اسناد ملکہ برطانیہ کو پیش کی تھی ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد باہمی تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔