• news

بھارت کرتار پور راہداری پر مذاکرات کیلئے رضا مند، 11جولائی کو واہگہ سرحد ملاقات کی تجویز

لاہور(آن لائن)پاکستان کی جانب سے کرتار پور کوریڈور کی تیزی سے تعمیر اور دنیا بھر کے سکھوں کے بڑھتے ہوئے دبائو کی وجہ سے بھارت پاکستان کیساتھ کرتارپور کوریڈور سے متعلق آفیشل حکام کی بات چیت پر تیار ہوگیا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے 11 سے 14 جولائی تک لاہور کے واہگہ بارڈر پر مذاکرات کی تجویز دی گئی ہے ‘تاہم پاکستان کی جانب سے ابھی تک اس تجویز کے جواب میں کوئی تاریخ حتمی نہیں کی گئی ہے۔بھارت نے 2 اپریل کو واہگہ بارڈر پر طے شدہ میٹنگ میں اس وجہ سے انکارکردیا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کرتارپور کے حوالے بنائی گئی کمیٹی میں شامل بعض سکھ رہنما جن میں گوپال سنگھ چاولہ قابل ذکر ہیں وہ خالصتان تحریک کے حامی سمجھے جاتے ہیں،دونوں ممالک کے ٹیکنیکل ماہرین کے مابین کرتارپور بارڈرپر متعدد میٹنگز ہوچکی ہیں تاہم اب جولائی میں ہونے والی یہ متوقع ملاقات دونوں ملکوں کے آفیشل حکام کی دوسری بیٹھک ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن