• news

عمران خان کو عوام نہیں کسی اور نے اقتدار دیا ، چوہدری نثار

کلر سیداں(نامہ نگار)کلر سیداں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ اقتدار میری منزل نہیں اپنے ضمیر اور خمیر کا سودا نہیں کر سکتا چاہتا تو آج بھی جھنڈا لہرا سکتا تھا ۔عمران خان کو عوام نے نہیں کسی اور نے اقتدار دیا ہے کار ڈرائیور کو جہاز اڑانے کے لئے پائیلٹ کی جگہ بٹھانے والے ہی آج کی صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ ملکی حالات بند گلی کی جانب جا رہے ہیں اور سیاستدان درست سمت کے تعین اور راستہ نکالنے کی بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں جبکہ آج حالات 1970سے بھی زیادہ خطرناک ہیں سیاستدان ان حالات کا مقابلہ کرنے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کرتے ہیں نہ ہی قوم کو سچ بتاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سابق رکن بلدیہ حاجی اخلاق حسین کی رہائش گاہ پر ان کے جوانسالہ بیٹے حسام کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق ارکان بلدیہ شیخ حسن ریاض، راجہ ظفرمحمود، عابد زاہدی،ملک محمد زبیرکے علاوہ کارکنان کی بھی کثیر تعداد موجود تھی چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ سیاستدان ملک کو لاحق خطرات سے باخبر ہونے کے باوجود حالات کا مقابلہ کرنے کو تیار نہیں انہیں ملک نہیں سیاست عزیز ہے جبکہ ملک اور عوام اجتماعی خودکشی کی جانب جا رہے ہیں 1970میں ہمارا دشمن بھارت ہمارے سامنے تھا مگر آج دشمن سامنے نہیں ہم اندرونی بیرونی سازشوں کا شکار ہیں ہمارے سیاستدان حالات کی سنگینی کا علم رکھنے کے باوجود حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے خود اکھٹا ہو رہے ہیں نہ قوم کو سچ بتاتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں غریب کو دو وقت کی روٹی کے لئے مشکلات کا سامنا ہے عوام کمزور ہوں گے تو ملک بھی کمزور ہوگا اور کمزور لوگ وطن کا دفاع نہیں کر سکتے دنیا میں تیل سستا ہو رہا ہے جبکہ ہمارے ہاں ڈالر مہنگا ہونے کے باعث نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہے انہیں عوام نے نہیں کسی اور نے اقتدار دیا ہے کار ڈرائیور کو جہاز اڑانے کے لئے پائیلٹ کی جگہ بٹھانے والے ہی آج کی صورتحال کے ذمہ دار ہیں انہوں نے کہا کہ سبھی اپنے اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں سیاست گالی بن چکی ہے وزرا بھی بر سروپا بیانات دیتے ہیں انہوں نے استفسار کیا کہ عمران کے لئے حالات کیوں موافق بنائے گئے؟میںان رازوں سے آگاہ ہوں سچ بول دوں تو سب حیران رہ جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن