• news

اچھرہ: وکیل کے گھر سے 14 سالہ ملازمہ کی گلے میں پھندا لگی نعش برآمد

لاہور (نامہ نگار) اچھرہ کے علاقہ میں وکیل کے گھر سے 14 سالہ ملازمہ کی گلے میں پھندا لگی نعش ملی ہے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق گھریلو ملازمہ14سالہ مبین کی نعش اچھرہ میں ایڈووکیٹ چودھری منظور کے گھر سے ملی ہے۔ مالکان کا کہنا ہے کہ بچی نے گلے میں پھندا لے کر خودکشی کی ہے جبکہ بچی کی والد ہ کا کہنا تھا کہ اس نے ڈیڑھ ماہ قبل ایڈووکیٹ چودھری منظور کے گھر اپنی بیٹی کو کام پر رکھوایا تھا۔ گزشتہ رات ہمیں انہوں نے فون کر کے کہا کہ آپ کی بیٹی کی حالت ٹھیک نہیں ہے، اسے آکر لے جائیں۔ میں اپنی بہن صدف کے ساتھ بیٹی کو لینے ایڈووکیٹ کے گھر آئی تو انہوں نے بتایا کہ اس کی بیٹی نے خودکشی کرلی ہے۔ میری بیٹی نے خودکشی نہیںکی، اسے قتل کیا گیا ہے۔ جس پر پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے، جس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی ۔ بچی کی والدہ نے وزیر اعلی، آئی جی اور سی سی پی او لاہور سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ علاوہ ازیںڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے اس کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن اور ڈی ایس پی اچھرہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ خوداس معاملے کی مکمل تحقیقات، میرٹ پر تفتیش اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں۔

ای پیپر-دی نیشن