• news

ٹیکس وصولی میں ریکارڈ کمی، گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 2اگست تک توسیع

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مالی سال مکمل ہونے پر حکومت کی پہلی بڑی ناکامی سامنے آگئی۔ حکومت کے تمام دعووں کے باوجود ٹیکس وصولی میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران 4ہزار 150 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف تھا مگر تین ہزار 820 ارب روپے جمع ہوئے۔ حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے امیدیں جوڑ لی ہیں۔ دوسری جانب انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی۔ ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں دو اگست تک توسیع کی گئی ہے۔ تمام ٹیکس گزار دو اگست تک ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ایف بی آر نے ایک سرکلر کے ذریعے وضاحت کی ہے کہ انکم ٹیکس کے قانون کے تحت بعض افراد جن کو انکم ٹیکس کے گوشوارے داخل کرنا ضروری ہے وہ ریٹرن داخل نہیں کر رہے ہیں ،وہ افراد جن کے پاس کنٹونمنٹ، میونسپل حدود، کے اندر 250مربع گز کا گھر یا فلیٹ مالکان 500 مربع گز کے پلاٹ کے مالک کے لئے بھی ریٹرن داخل کرانا بھی ضروری ہے۔ ایک ہزار سی سی سے ذائد قوت کی کار رکھنے والوں کے لئے بھی ریٹرن دینا ضروری ہے ،ان چیزوں کی ملکیت رکھنے والوں نے ریٹرن جمع نہیں کرائے ،ایسے افراد سے کہا گیا ہے کہ 2018 ء کی ریٹرن 2اگست تک جمع کرا دیں۔

ای پیپر-دی نیشن