توشہ خانہ کیس: زرداری کے ساتھ نوازشریف بھی شریک ملزم نامزد
اسلام آباد(نا مہ نگار) توشہ خانہ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی شریک ملزم نامزد کردیا گیاہے۔ پیر کو احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکائونٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں حاصل کرنے کے کیس میں نواز شریف سے بھی تفتیش کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ جج ارشد ملک نے پوچھا کہ اس کیس میں نواز شریف کا کیا تعلق ہے؟۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ آصف علی زرداری کو 3گاڑیاں دینے کی تفتیش کے دوران علم ہوا کہ 1گاڑی نوازشریف کے پاس ہے، ملزموں نے سرکاری خزانے کونقصان پہنچایا۔ حکام 4لاکھ تک مالیت کی اشیا کو بطور تحفہ رکھ سکتے ہیں اس سے زائد مالیت کا تحفہ نہیں رکھا جا سکتا۔ نیب تفتیشی افسر نے تفصیلات بتائیں کہ 1997میں سعودی عرب نے بلٹ پروف مرسیڈیز گاڑی اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو تحفے میں دی، سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے 2008میں یہ گاڑی نواز شریف کو چھ لاکھ روپے میں دے دی، نواز شریف کو مثال بناتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے تین بلٹ پروف گاڑیاں آصف زرداری کو دے دیں۔ جج محمد ارشد ملک نے تفتیشی افسر سے کہا کہ آپ کا مطلب ہے انہوں نے گاڑیاں آپس میں بانٹ لیں۔ نیب تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جی بالکل،جج محمد ارشدملک نے کہا کہ اگر نوازشریف اور آصف زرداری یہ گاڑیاں واپس کردیتے ہیں تو پھر کیا ہوگا؟۔ نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ یہ تو پلی بارگین ہوگا، جو آپ کی اجازت سے ہی ہوگا۔ جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ آپ ان سے اب تک تو کوئی چیز واپس لے نہیں سکے، ہم سے اجازت لے جاتے ہیں۔