استغاثہ کیس، عبدالعلیم خان نے بریت کی درخواست دائر کر دی
لاہور (صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دائر استغاثہ کیس میں عبد العلیم خان نے بریت کی درخواست دائر کردی ،عدالت نے فریقین کے وکلا کو 13جولائی کو درخواست پر بحث کیلئے طلب کر لیا ۔پیر کو لاہور کی سیشن عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دائر استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی۔ جبکہ عبدالعلیم خان نے کیس سے بری کرنے کی درخواست دائر کر دی ۔ سیشن جج قیصر ندیم بٹ نے فریقین کے وکلاء کو 13جولائی کو درخواست پر بحث کے لئے طلب کر لیا ۔ عبدالعلیم خان نے درخواست میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا استغاثہ غیر قانونی ہے اس کالعدم قراردیا جائے۔ جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر ا ستغاثہ میں کہا گیا کہ عبدالعلیم خان نے ضمنی الیکشن کے دوران احقائق چھپائے اور جعلی حلف نامہ کمیشن میں جمع کروایا۔ الیکشن کمیشن نے درخواست میں عبدالعلیم خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13جولائی تک ملتوی کر دی ۔