بلوچستان کو ڈنڈے سے چلانے کی کوشش کے منفی نتائج نکلیں گے: اختر مینگل
اسلام آباد (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سر دار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ڈنڈے اور بندوق سے مسائل حل کرنے کی کوشش کے منفی نتائج نکلے، مسئلہ سیاسی انداز میں حل کرنا چاہیے، دس کے قریب لاپتہ افراد اپنے گھروں کو آئے ہیں یہ پہلی کرن ہے، جو دہشت گردی میں ملوث ہے اس کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، فوج اور اسٹیبلشمنٹ اس ملک کا حصہ ہے انکو ملک سے کوئی نکال نہیں سکتا، ملک دلدل میں پھنسا ہوا ہے کوئی جادو ہی اس ملک کو مشکل سے نکال سکتا ہے، خارجہ پالیسی کا اختیار منتخب لوگوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کے معاملے پر پارٹی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔ پیر کو بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کا مسئلہ ابھی تک جوں کا توں ہے۔ حکومت وقت نے کمزوری اور سست روی کا مظاہرہ کیا۔ آخری لمحے ہماری بات کو سنا گیا، صوبے کے سیاسی اور ترقیاتی اقدامات کی جانب بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ دس کے قریب لاپتہ افراد اپنے گھروں کو آئے ہیں یہ پہلی کرن ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کے دورہ کیلئے پارلیمانی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔