مولانا فضل الرحمٰن نے آج اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کااجلاس طلب کر لیا
اسلام آباد(آن لائن) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے رہبر کمیٹی کا اجلاس آج (منگل کو ) طلب کر لیا ہے جس میں چیئرمین سینٹ کی تبدیلی، جلسوں و معاشی صورت حال پر غور و خوض کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آج ہونے والے رہبر کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کو شرکت کی دعوت دیدی ہے۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ تبدیلی، جلسوں و معاشی صورت حال سمیت نیب کی آئندہ ممکنہ گرفتاریوں سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں عوامی رابطہ مہم علیحدہ علیحدہ یا مشترکہ طور پر چلانے کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، میر طاہر بزنجو، عثمان کاکڑ اور شیرپاؤ سمیت دیگر پارٹیوں کے رہنما شرکت کریں گے۔