بدعنوان شخص کو مرنے کے بعد بھی کرپشن کی رقم واپس کرنا ہوگی: چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کرپشن کی رقم مرکر بھی ادا کرنا ہوگی۔ عدالت نے مرحوم ڈی ایس پی جمیل اختر کیانی اور اہلیہ ریاض بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کرپشن کی تین کروڑ رقم ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کرپشن کی رقم تو واپس کرنا ہو گی۔ جرمانہ کی رقم کی گئی کرپشن سے بہت کم ہے۔ پچاس سال پہلے ڈھائی کروڑ کا پلاٹ لیاگیا۔ اس پلاٹ کی موجودہ مالیت اڑھائی ارب سے زیادہ ہوگی۔ 2003 میں کہا گیا 3 کروڑ جرمانہ آج کے حساب سے انتہائی کم ہے۔ نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ جمیل اختر کیانی 1959 بھرتی اور 1995 میں ڈی ایس پی پولیس ریٹائرڈ ہوئے۔ مرحوم کی اہلیہ ریاض بی بی کے وکیل کا کہنا تھا کہ جرمانہ کی تین کروڑ رقم ادا نہیں کر سکتے۔ نیب نے ہمارے 1995 کے بعد کے اکاؤنٹ بھی ضبط کر لیے تھے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جرمانہ کم نہیں زیادہ ہو سکتا ہے کرپشن کا ساری عمر لوگ استعمال کرتے ہیں ایشو یہ نہیں کہ اثاثوں پر مزے کیسے کئے ایشو یہ ہے نو کروڑ کے اثاثے کب اور کیسے بنے؟۔