رینٹل پاور کیس، سابق وزیراعظم پرویز اشرف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔پیر کو کیس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی۔عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی ، راجا پرویز اشرف پرانکے نمائندے کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی ۔عدالت نے ملزمان پر ریشماں اور گلف پاور پراجیکٹ ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے 7 اگست کو گواہوں کوبھی طلب کر لیا۔عدالت کی طرف سے کہا گیاکہ 7 اگست کو گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔ کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیر قانون بابراعوان سمیت پانچ ملزمان کی بریت کی درخواستوں پرمحفوظ فیصلہ 25جون کو سنایا تھا۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر قانون بابراعوان کو بری جبکہ راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔