• news

اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کیساتھ بھی مخلص نہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا اوراگلے برس سے میڈیکل کالجوں کیلئے انٹری ٹیسٹ اور امتحانات کے نمبرز کی تقسیم کو انجینئرنگ یونیورسٹیز انٹری ٹیسٹ کے طریقہ کار کے مطابق بنانے کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کرتے ہوئے جلد حتمی موقف پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ کیلئے انٹری ٹیسٹ کے طریقہ کار میں تبدیلی مفید ثابت ہوگی۔ دور دراز علاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ رواں برس میڈیکل کالجو ں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ اگست کے آخری ہفتے میں ہوگا۔ نمبرز کے طریقہ کار طے کرنے کیلئے پی ایم ڈی سی سے مشاورت کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ بھی مخلص نہیں اور اپوزیشن جماعتوں کا غیر فطری اتحاد جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گا۔ انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنے والی اپوزیشن خود انتشار کا شکار ہے اور اے پی سی کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے۔ اپوزیشن کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر طرز عمل غیر جمہوری ہے۔ کئی برس سے حکمران رہنے والوں نے عوام کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کیا۔ مایوسی پھیلانے والے سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور سڑکیں، پل اور عمارتیں ان کی ترجیحات تھیں جبکہ ہماری حکومت نے انسانی ترقی پر فوکس کیا ہے اور ذاتی نمود و نمائش کے منصوبوں کی بجائے انسانی ترقی کو اپنا محور بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ماہر شماریات پروفیسر ڈاکٹر منیر احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدارنے شادن لنڈ تونسہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں پنجاب پنشن فنڈ کے جنرل منیجر کے عہدے پر شاہ نواز نادر شاہ کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مقامی آبادیوں، زرعی اراضی اور باغات وغیرہ کو نقصانات سے بچانے کیلئے ہنگامی نوعیت کے فلڈ پروٹیکشن ورکس کی مجوزہ پالیسی کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سب کمیٹی برائے فلڈ کا نام کابینہ کمیٹی برائے فلڈ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اورفلڈ پروٹیکشن ورکس کے لئے ضروری فنڈز فراہم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ پنجاب وٹنس پروٹیکشن رولز کے مسودے اورپنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول رولز 1950 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب شوگر فیکٹریز (کنٹرول) ایکٹ 1950 میں ترامیم کامعاملہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو(Legislative ( کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ٹیوٹا ایکٹ 2010 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 12ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ ادارے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کو ضروری وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن