پاکستان ٹیم کس طرح سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے؟ پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتحال
لندن(صباح نیوز)انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے آس لگا لی ہے اور میزبان ٹیم کی جیت کے بعد دیگر ٹیموں کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا مشکل بن گیا ہے۔کرکٹ ورلڈکپ 2019کے آخری چند میچز رہ گئے اور ٹیموں کے درمیان اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے زبردست صورتحال بن چکی ہے، میزبان انگلینڈ کی جیت کے بعد سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو 8میچز کھیل کر 14پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے اور مزید 3 ٹیموں کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے آگے آنا ہے لیکن مقابلے میں 5ٹیمیں ہیں۔بھارت 11پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے پاس 2 میچز باقی ہیں، نیوزی لینڈ 8میچز میں گیارہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ 8میچز میں 10پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس ایک ایک میچ ہے۔پاکستان ٹیم 8میچز میں 9پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں، بنگلادیشی ٹیم 7میچز میں 7اور سری لنکن ٹیم 7 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔سیمی فائنل میں براہ راست رسائی کے لیے بھارت کو دو میچز میں سے ایک میچ جیتنا ہے، کسی ایک میچ میں بھی جیت بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچا دے گی اور دونوں میچز میں شکست کی صورت میں اسے دیگر ٹیموں کے ساتھ رن ریٹ کی جنگ کرنا ہوگی۔اسی طرح نیوزی لینڈ کو بھی ایک فتح درکار ہے لیکن اس کا اگلا مقابلہ انگلینڈ سے ہونا ہے جو دونوں ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ کرے گا، اگر انگلش ٹیم میچ جیت گئی تو سیمی فائنل میں کوالیفائی کر جائے گی۔پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے 5 جولائی کو بنگلادیش کو لازمی شکست دینا ہوگی اور انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔اگر انگلش ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوتی ہے اور پاکستان بنگلادیش کو ہرا دیتا ہے تو گرین شرٹس سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو انگلش ٹیم کی جیت کی صورت میں پاکستان اگر بنگلادیش کو ہرا دیتا ہے تو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل میں رسائی کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔اگر بنگلادیش اپنے بقایا دونوں میچز جیت جاتی ہے جو کہ بھارت اور پاکستان کے خلاف ہیں تو بنگلادیش کے بھی سیمی فائنل میں جانے کے امکانات ہیں لیکن اس صورت میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ سے لازمی ہارنا ہوگا۔