• news

اولمپک ڈے تیر اندازی چیمپئن شپ 2 جولائی سے شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے اولمپک ڈے تیر اندازی چیمپئن شپ 2 جولائی سے سپورٹس سٹیڈیم بھوربن روڈ مری میں شروع ہورہی ہے جو 3جولائی تک جاری رہے گی، 2 جولائی کو افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور ہوں گے، چیمپئن شپ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں، تمام انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بھرپور مواقع فراہم کررہا ہے، ایک ماہ میں یہ چوتھا ایونٹ ہے جو کہ سپورٹس بورڈ پنجاب منعقد کررہا ہے، تیراندازی لڑکوں اور لڑکیوں کا پسندیدہ کھیل ہے اور بڑی تعداد میں نوجوان اس میں حصہ لے رہے ہیں، تیراندازی کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اولمپک ڈے تیراندازی چیمپیئن شپ کے لئے بھرپور تعاون کررہا ہے۔، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سنوکر، سوئمنگ اور ٹیبل ٹینس کے ایونٹس ایک ماہ میں منعقد کئے ہیں جس میں سینکڑوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے، ان چیمپئن شپ کے انعقاد سے سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے، اس کے علاوہ 3جولائی سے گوجرہ میں لڑکے اور لڑکیوں کا سمر ہاکی کیمپ بھی شروع کررہے ہیں، کیمپ میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، کیمپ ایک ماہ جاری رہے گا، رواں ہفتہ سوئمنگ کا بھی تربیتی کیمپ منعقد کررہے ہیں، تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب لانے کے لئے تربیتی کیمپس کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ نوجوان ہاتھ سے موبائل چھوڑ کر گرائونڈ میں آئیں ۔ ہم پرامید ہیں کہ اولمپک ڈے تیراندازی چیمپیئن شپ کے انعقاد سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ چیمپئن شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری منظرفرید شاہ کے مطابق چیمپئن شپ میں پنجاب کی ڈویژنز، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آرمی، پولیس، واپڈا اور کسٹم کی ٹیمیں حصہ لیں گی،ہر ٹیم 6 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جن میں تین مرد اور تین خواتین کھلاڑی ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن