• news

انگلینڈ کے خلاف سست بیٹنگ، بھارتی شائقین دھونی پر برس پڑے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)انگلینڈ کیخلاف اختتامی لمحات میں بھارتی بلے بازوں کی سست رفتار بیٹنگ نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں اور سوشل میڈیا پر شائقین نے بھارتی بلے بازوں بالخصوص دھونی کی کارکردگی پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی کارکردگی کو مشکوک قرار دے دیا۔انگلینڈ نے برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کو فتح کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں روہت شرما کی سنچری اور ویرات کوہلی کی نصف سنچری کی بدولت بھارت نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دھونی نے اپنے مزاج کے برخلاف آرام سے بلے بازی کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنی اننگز کی ابتدائی 24 گیندوں پر صرف 29 رنز بنائے تھے۔ ہردک پانڈیا کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ہدف کا تعاقب زیادہ مشکل نہ تھا اور بھارتی ٹیم کو 31 گیندوں پر 71 رنز درکار تھے لیکن دھونی اور ان کے نئے ساتھی کیدار جادھو نے کسی بھی موقع پر ہدف حاصل کرنے کی کوشش نہ کی جس کے سبب بھارت کو میچ میں 31 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔اس شکست پر جہاں پاکستانی شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا وہیں دھونی کی بیٹنگ پر بھارتی مداحوں نے بھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سابق بھارتی اور دیگر انٹرنیشنل کھلاڑی بھی اس طرز عمل پر حیران نظر آئے۔سابق کپتان سارو گنگولی نے دھونی کی بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اس طرح کی بیٹنگ کے لیے کوئی وضاحت نہیں ہے جبکہ ناصر حسین نے بھی بیٹنگ پر حیرانی ظاہر کی۔سابق بھارتی کرکٹر اور مایہ ناز کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے کہا کہ اگر کوئی ٹیم انڈیا کے اس فتوحات کے تسلسل کو ختم کر سکتی تھی تو وہ انگلینڈ تھی البتہ اختتامی اوورز میں دھونی کی بیٹنگ کا طریقہ کار سمجھ سے بالاتر تھا۔

ای پیپر-دی نیشن