پاکستان نے کرتارپور راہداری کے تکنیکی امور پر بات چیت کیلئے 14 جولائی کی تاریخ دیدی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارت کو مطلع کردیا ہے کہ کرتار پور راہداری کی تعمیر کے سلسلہ میں تکنیکی امور اور مجوزہ معاہدہ کے مسودہ پر بات چیت کیلئے دوسرا اجلاس 14 جولائی کو واہگہ میں منعقد کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ اس اجلاس میں شرکت کرنے والے اپنے وفد کی تفصیلات سے پاکستان کو آگاہ کردے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان رواں سال نومبر میں وہ گرونانک کے 550 ویں جنم دن سے پہلے اس راہداری کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دفترخارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان نے کرتار پورا رہداری پر دوسرے اجلاس کا شیڈول بھارت کو دے دیا ہے جس کے تحت پاک بھارت آفیشل حکام کی دوسری بیٹھک 14 جولائی کو واہگہ میں ہوگی، اور دوسرے اجلاس میں معاہدے کے ڈرافٹ کوحتمی شکل دی جائے گی جب کہ کرتار پور سے متعلق ٹیکنیکل ایشوز بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کرتار پورا اجلاس میں متعلقہ معاملات کو جلد تکمیل کاخواہاں ہے اور نومبر میں بابا گرو ناننک کے 550ویں سالگرہ پر راہداری کو آپریشنل کرنا چاہتا ہے۔