ورلڈکپ:بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا بنگلہ دیش شکست کے بعد دوڑ سے باہر
لندن (سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 28رنز سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ‘شکست خوردہ ٹیم باہر ہوگئی ۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم دوسری ٹیم بن گئی ‘آسٹریلوی ٹیم پہلے ہی پہنچ چکی ہے ۔ بھارت نے 314 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 286 رنز پر آوٹ کر دیا۔ بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ روہت شرما اور لوکیش راہل نے 180 رنز کا آغاز فراہم کیا۔روہیت شرما 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یہ ان کی رواں ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی سنچری ہے۔راہل 77 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے َکپتان ویرات کوہلی26 رنز بنا سکے۔ ہرڈک پانڈیا صفر پرچلتے بنے۔دھونی نے پانچویں وکٹ میں رشبھ پانٹ کیساتھ 40 اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں دنیش کارتک کیساتھ 21 رنز کا اضافہ کرکے بھارت کو 298 رنز تک پہنچایا تاہم ان کی 35 رنز کی انفرادی اننگز 311 رنز پر ختم ہوگئی، پانٹ نے 48 اور کارتک نے 8 رنز بنائے۔مستفیض الرحمٰن نے آخری اوور میں 3 بلے بازوں کو آوٹ کرکے نہ صرف اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں بلکہ بھارت کی ٹیم کو 9 وکٹوں پر 314 رنز تک محدود رکھا۔شکیب الحسن، سومیا سرکار اور روبیل حسین کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں اوپنر تمیم اقبال 39 کے سکور پر 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئیَ سومیا سرکار اور شکیب الحسن نے سکور کو 74 رنز تک پہنچایا جس میں سومیا سرکار کا حصہ 33 رنز تھے۔مشفق الرحیم نے شکیب الحسن کا ساتھ دینے کی کوشش ضرور کی لیکن چاہل نے ان کی اننگز 24 رنز تک محدود کردی اور 121 کے مجموعے پر بنگلہ دیش کو تیسرا نقصان پہنچایا۔ لٹن داس 22 رنز بنا سکے۔شکیب الحسن نے مصدق حسین کے ساتھ 173 تک پہنچایا تو مصدق 8 رنز بنا کر چلے بنے۔ شکیب الحسن 66 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔شبیر رحمٰن اور محمد سیف الدین نے 66 رنز کی ایک اچھی شراکت قائم کی لیکن بمرا نے شبیر کوآئوٹ کرکے ان کے ارادوں کو بھی ختم کردیا، انہوں نے 36 رنز بنائے۔ مشرفی مرتضیٰ 8رنز ‘ روبیل حسین نو اور مستفیض الرحمٰن صفر پر آئوٹ ہوئے۔سیف الدین نے اکاون رنز بنائے۔ پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 286 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔بمرا نے 4 اور پانڈیا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔