• news

پاکستان، چین سے بیک وقت جنگ کیلئے تیار ہیں، دفاعی صلاحیت پر شک نہیں ہونا چاہئے: بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبھکی

نئی دہلی(آن لائن) بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ بھارت چین اور پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ بیک وقت جنگ کیلئے تیار ہے اور اس سلسلے میں بھارت کی دفاعی صلاحیت پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے ۔ اسلام آباد باز نہ آیا تو فیصلہ کن کارروائی کرنے کو تیار ہیں، بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل بپن راوت نے نئی دہلی میں ایک انٹرویو کے دوران چین اور پاکستان دونوں ممالک کو خبردار کیا ہے کہ بھارت دونوں ممالک کے ساتھ بیک وقت جنگ لڑنے کے لئے تیار ہے اور اس سلسلے میں بھارت کے پاس نیوکلیائی صلاحیت بھی موجود ہے اور اس میں شبہ والی کوئی بات نہیں ہے انہوں نے کشمیر کی صورت حال پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں امن بحالی فوج کی پہلی ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے کافی قربانیاں دی ہیں اور دیگر فورسز اور پولیس نے بہتر انداز میں جنگجو مخالف کارروائیوں میں فوج کی مدد دی ہے جس کے باعث اس قدر جنگجو مارے گئے ہیں تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے اندر کچھ ایک جگہیں اب بھی حساس ہیں جبکہ کئی ایک مقامات پر امن بحال ہو گیا ہے۔ فوجی سربراہ نے کنٹرول لائن پر آر پار گولہ باری کے حوالے سے کہا ہے کہ فوج سرحد پار سے گولہ باری کا دندان شکن جواب د ینے اور ملک کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے فیصلے لے سکتے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن