• news

اراضی دستاویزات بنکوں سے بھی جاری ہونگی، عوام کو ریلیف ملے گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جنوبی پنجاب کے 10,800 سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں جہاں ٹرانسمیشن لائنز موجود نہیں، وہاں پر سولر انرجی کے ذریعے بجلی فراہم کریں گے۔ اجلاس میں پنجاب کی یونیورسٹیوں کو بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا اور واٹر سپلائی سکیموں کو شمسی توانائی کے ذریعے چلایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ٹاسک فورس بجلی چوری روکنے کے لئے بلاامتیاز اایکشن جاری رکھے۔ سولر پینل کی تنصیب سے سکولوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ کو سیکرٹری توانائی نے محکمے کی کارکردگی، سکولوں اور گائوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹس اور توانائی کے نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے اراضی کی دستاویزات کا حصول مزید آسان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میںاراضی سینٹرز کیساتھ 24 کمرشل بینکوں کے ذریعے بھی اراضی کی دستاویزات کا اجراء کیا جائے گا۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور24کمرشل بینکوں کے مابین سروس لیول کے معاہدے کے تحت بینکوں کو ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ تک رسائی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل بینک بھی اراضی کے دستاویزات کی تصدیق کرسکیںگے اور عوام اس نظام کے تحت کمرشل بینکوں سے اراضی کی دستاویزات بھی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل بینکوں سے کاشتکاروں کیلئے قرضے کے حصول میںبہت آسانیاں پیدا ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے نظام کے تحت مانیٹرنگ کا مو ثر میکنزم بنایا جائے اور کاشتکار کو قرضے کی ادائیگی مقررہ مدت میں ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل بینکوں کے ذریعے اراضی کی دستاویزات کے اجراء کا فیصلہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس اقدام سے عوام کو بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔ بینکوں میں فرد ملکیت کے اجراء کیلئے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کیے جائیںگے۔ نئے پاکستان میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اس طرح کے مزید اقدامات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن