شاہ محمود کا حج سہولت پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائشیا، انڈونیشیا اور تیونس کی طرح، پاکستان کو خصوصی حج سہولت پروگرام ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ میں شامل کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران، پاکستان کو "روڈ ٹو مکہ"پراجیکٹ میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پاکستانی حجاج کی کسٹم چیکنگ اور امیگریشن پاکستان میں ہوگی اور سعودی ایئرپورٹس پر عازمین حج کو انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت امسال دولاکھ پچیس ہزار حجاج کرام مستفید ہونگے۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی کاؤنٹرز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ حج 2019 کیلئے فضائی آپریشن 4 جولائی سے شروع ہو جائے گا۔