• news

فیصل آباد : ٹرک اور کیری ڈبہ میں تصادم، 3خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 8افراد جاں بحق

فیصل آباد (آن لائن) فیصل آباد کے قریب موٹر وے ایم تھری پر کیری ڈبہ ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ کے چک 136 ر ب کا رہائشی خاندان کیری ڈبے میں سوار ہو کر جا رہا تھا کہ ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آ گیا۔حادثے میں کیری ڈبہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ٹرک سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں ڈبے میں سوار 7 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔دونوں زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے الائیڈ اسپتال منتقل کیا جن میں سے مزید ایک زخمی الائیڈ ہسپتال میں دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، 2 بچے اور 3 مرد شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن