• news

راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد، احسن اقبال نیب پیش

اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ سابق وزیراعظم نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے راجا پرویز اشرف کو 7 اگست کو دوبارہ طلب کرلیا۔ واضح رہے پچھلی سماعت میں راجا پرویز اشرف پر نمائندے کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ صحافیوں نے راجا پرویز اشرف سے سوال کیا کہ بلال بھٹو کو مہمند ایجنسی میں جلسے کی اجازت نہیں ملی کیا کہیں گے، جس پر راجہ پرویز اشر ف نے کہا کہ الیکشن ہو رہے ہیں کیا معاملات ہیں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، معاملات طے پائے ہوئے تھے الیکشن کی کمپین کیلئے جانا تھا، ایک صحافی نے سوال کیا کہ نندی پور ریفرنس میں بابر اعوان اور جسٹس ریاض کی بریت کی درخواست منظور کر لی گئی اور آپ کی مسترد، کیا کہیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اس معاملے پر کچھ نہیں کہوں گا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے۔ احتساب بیورو نے لیگی رہنما کوتحریری جواب جمع کرانے کے لیے سوالنامہ دے دیا ہے۔ انہوں نے نیب کی تفتیشی ٹیم کے سوالوں کے جوا ب دیئے۔ پیشی سے قبل بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب نے کہا ہے ہمارے پاس کیس ہے اس کے حوالے سے تفصیلات دیں۔ وزیر اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کی حیثیت سے3ہزار ارب کے منصوبوں کی نگرانی کی۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم نے 5 سال میں 700 ارب ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سے بچائے، ایک ایک پیسے کو قوم کی امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کیا، رسم چل پڑی ہے ہر سیاستدان کو گندا کرو،چور بنا تاکہ کسی پر اعتماد نہ رہے۔پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا عوام کو بتائیں گے غیر ملکی قرضوں کو دوگنا کیوں کیا گیا ؟ ہم پاکستان میں جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان مشرف جیسی جمہوریت چاہتے ہیں، انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، ایسے ہتھکنڈے بدترین آمریت میں بھی نہیں آزمائے گئے۔ میٹرو پشاور منصوبے کی انکوائری ہونی چاہیئے۔ سپورٹس سٹی منصوبہ 90فیصد مکمل ہوچکا ہے، عالمی معیار کا سپورٹس سٹی بنایا گیا، کہا گیا 6ارب کے منصوبے میں خورد برد کی گئی، ہم نے پسماندہ علاقوں میں نئی یونیورسٹیاں بنائیں، تعلیم اور انفراسٹرکچر میں نئے منصوبے شروع کیے، ہم نے سفید ہاتھی منصوبوں کو بھی مکمل کیا۔ خلاف قانون تین ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا، سابق وفاقی وزیر نے اپنے حلقے سرحد سے چند سو میٹر پر کروڑوں کا منصوبہ بنوایا، سپورٹس سٹی نارووال پاک بھارت سرحد سے 800 میٹر دور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن