• news

چھمپ سیکٹر: ایل او سی پر دھماکہ، 5 جوان شہید، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کا ثبوت ہے: فوجی ترجمان

اسلام آباد + ساہیوال + سرگودھا (سٹاف رپورٹر‘ نامہ نگار‘ صباح نیوز) کنٹرول لائن کے چھمب سیکٹر کے مقام برنالہ میں بارودی مواد کے دھماکہ میں بری فوج کے پانچ جوان شہید ہو گئے ہیں، جب کہ ایک جوان زخمی ہوا ہے۔ جہاں یہ واقعہ رونما ہوا وہ کنٹرول لائن سے محض چند میٹر کے فاصلہ پر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اگرچہ اس دھماکہ کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے ، تاہم یہ واقعہ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی کھلی مثال ہے اور بین الاقوامی قواعد کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔ شہداء میں صوبیدار محمد صدیق، سپاہی محمد طیب، سپاہی ذوہیب، سپاہی غلام قاسم اور نائیک شیر زمان شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں صوبیدار محمد صادق ، سپاہی محمد طیب ، سپاہی زوہیب ، سپاہی غلام قاسم اور نائیک شیر زمان شامل ہیں۔ شہید ہونے والے صوبیدارمحمد صادق کی عمر 44 سال، سروس 23 سال اور ضلع نیلم کے علاقے جورا کے رہائشی تھے۔ شہید سپاہی محمد طیب کی عمر 26 سال، سروس 5 سال اورگاوں سراخئی ضلع خوشاب کے رہائشی تھے۔ شہید سپاہی زوہیب کی عمر 20 سال اور سروس 7 ماہ تھی، اور وہ گاؤں نندی نار گامر ضلع پونچھ کے رہائشی تھے۔ شہید سپاہی غلام قاسم کی عمر 22 سال سروس ایک سال اور وہ گاوں سائیوال ضلع سرگودھا کے رہائشی تھے، جب کہ شہید سپاہی شیر زمان عمر 36 سال ، سروس 13 سال اور وہ گاں شمہ شکی ضلع کرک کے رہائشی تھے۔ دریں اثناء لائن آف کنٹرول چمب سیکٹر برنالہ کے قریب بمب دھماکہ میں شہید ہونیوالے پاک آرمی کے 22 سالہ نوجوان غلام قاسم کو ساہیوال(سرگودھا) میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ غلام قاسم محلہ شمش آباد ساہیوال کے محنت کش محمد رمضان کا 22 سالہ بیٹا تھا جو دو سال قبل پاک فوج میں ملازمت اختیار کی محمد رمضان نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے مرحوم کی نماز جنازہ گاہ ونیاں والی ساہیوال میں ادا کی گئی، جس میں پاک آرمی کے افسران کے علاوہ ساہیوال شہر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو مقامی قبرستان میں پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کر دیا گیا شہید کی قبر پر پاک آرمی کے دستے نے سلامی دی۔ دوسری جانب سیالکوٹ ورکنگ بانڈری لائن کے بجوات سیکٹر پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیدیا، بجوات سیکٹر کے بجوات ایریا میں بھارتی سیکورٹی فورسز نے برجی پوسٹ سے پاکستانی علاقے پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیدیا جس پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ بند ہو گئی۔ چناب رینجرز نے فلیگ میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن