• news

ورلڈکپ ٹیم سے ڈراپ بھارتی کرکٹر رائیڈونے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک) ورلڈکپ اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے والے بھارتی بلے باز امباتی رائیڈو نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔ امباتی رائیڈو نے کرکٹ بورڈ کو ایک ای میل کی جس میں انہوں نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔امباتی رائیڈو کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے سکواڈ میں منتخب نہ کیے جانے پر دلبرداشتہ تھے۔ جس کا اظہار انہوں نے ورلڈکپ شروع ہونے سے قبل سوشل میڈیا پر بھی کیا تھا۔امباتی رائیڈو نے اپنی ای امیل میں ریٹائرمنٹ کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم انہوں نے ان تمام کپتانوں کا شکریہ ادا کیا جن کی نگرانی میں وہ ٹیم کا حصہ تھے، جن میں مہندرا سنگھ دھونی، روہت شرما اور ویرات کوہلی شامل ہیں۔کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی ٹیم کے انتخاب کے موقع پر بھارتی ٹیم سلیکشن کمیٹی نے 33 سالہ رائیڈو پر آل راؤنڈر وجے شنکر اور اوپنر مایانک اگروال کو ترجیح دی تھی۔چیئرمین سلیکٹرز ایم ایس کے پراساد نے توجیح پیش کی تھی کہ 'وجے شنکر تھری ڈائمینشنل اسکلز' رکھتے ہیں جس کی وجہ سے رائیڈو کے مقابلے میں 15 رکنی سکواڈ میں وجے شنکر کو منتخب کیا گیا ہے۔رائیڈو نے بعدازاں اس پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ ورلڈکپ دیکھنے کے لیے تھری ڈی گلاسز منگوا لیے ہیں۔ امباتی رائیڈو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں نے 55 ایک روزہ میچز میں 3 سنچریوں اور 10 نصف سنچریوں کی بدولت 47.15 کی اوسط سے ایک ہزار 694 رنز بنائے۔بھارتی بلے باز کا ٹی ٹوئنٹی کیرئیر بھی 6 میچز پر مشتمل تھا اور محدود طرز کی کرکٹ میں ان کا مجموعی سکور 46 ہے۔رائیڈو نے 24 جولائی 2013 کو زمبابوے کے خلاف ڈیبیو کیا اور آخری مرتبہ 8 مارچ کو رانچی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں دکھائی دیے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن