پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے سینٹ کی ذیلی کمیٹی تشکیل
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی جو متعلقہ اداروں کی مشاورت سے فٹ بال کی ترقی کیلئے2 ہفتے میں جامع منصوبہ مرتب کرے گی۔خصوصی کمیٹی نے پاکستان میں فٹ بال کو درپیش مسائل اور حقیقی صورتحال سے متعلق فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا)کو آگاہ کرنے کیلئے نمائندہ وفد بھی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،فٹ بال سے متعلقہ انتظامی امور کو بہتر بنانے کیساتھ ساتھ بین الاقوامی تعاون کے حصول کیلئے فیفاسے موثر رابطہ قائم کیا جائے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت پاکستان میں فٹ بال کی ترقی سے متعلق سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔انہوں نے کہا کہ فٹ بال کی ترقی کیلئے اندرونی اختلافات ختم کر کے عملی اقدامات کیے جائیں اور ملک کے مختلف حصوں میں فٹ بال کا انفراسٹرکچر بہتر کرنے کے علاوہ فٹ بال ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے۔ اس سلسلے میں نہ صرف پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ بھر پور تعاون کریں بلکہ نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا مقصد بھی فٹ بال کی ترقی کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فام پر اکٹھا کرنا ہے۔ پہلی ترجیح ملک بھر میں نجی شعبے کے تعاون سے فٹبال کے مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کروانا اور سپورٹس انفراسٹرکچر کی ترقی ہے۔ درکار فنڈز کیلئے نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جائیگا۔ انہوں نے فٹ بال فیڈریشن کو فٹ بال ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے کیلنڈر مرتب کرنے اور قابل عمل پلان بنانے کی ہدایت کی۔پاکستان سپورٹس بورڈ بھی فٹ بال کی ترقی کیلئے بھر پور تعاون کرے اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فیڈریشن سے بھر پور تعاون کیا جائے۔ ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ گرانڈز کی فراہمی اور دیگر سہولیات کیلئے ہر ممکن تعاون کرے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کو فٹ بال فیڈریشن کو فوری آفس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کچھ عرصہ قبل سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کے نتیجے میں نئی باڈی سامنے آئی ہے۔صدرپاکستان فٹ بال فیڈریشن اشفاق حسین شاہ نے بتایا کہ فیفا کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت ہوئی ہے تاہم ابھی تک بہت سے امور پر پیش رفت نہیں ہوئی۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو اپنے پاں پر کھڑا ہونے کیلئے فنڈز کی ضرورت ہے اور ہم کھیل کی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھانا چاہتے ہیں۔ فیفا کو پاکستان کے زمینی حقائق سے متعلق آگاہ کیا ہے۔سینیٹر احمد خان نے کہا کہ اندرونی اختلافات اور دیرینہ مسائل سے آگے بڑھ کر فٹ بال کی ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف نے کہا کہ تمام شعبوں کی مشاورت سے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا نجی شعبہ بھر پور تعاون کیلئے تیار ہے تاہم ان کے سامنے فٹ بال کی ترقی کا منصوبہ رکھنا ہوگا۔ اس سلسلے میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے مابین بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو متعلقہ اداروں کی مشاورت سے فٹ بال کی ترقی کیلئے دو ہفتے میں ایک جامع منصوبہ مرتب کرے گی۔کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کے علاوہ پاکستان کے نمایاں کاروباری ادروں کے نمائندوں کو بلایا جائے تاکہ فٹ بال کی ترقی کیلئے اقدامات پر موثر پیش رفت ہو سکے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر بیرسٹر محمد علی خان سیف کو وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ مل کر فیفا سے متعلق امور حل کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔