• news

موجودہ پوزیشن سے مطمئن ‘آگے آسانیاں پیدا ہونگی : سرفراز احمد

لندن (سپورٹس رپورٹر )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم اچھی پوزیشن پر کھڑی ہے اور وہ ’بھرپور تیاری کے ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اْتریں گے۔کیفیت تو بہت اچھی ہے۔ اللہ کا بہت شکر ہے کہ ہم ابھی اچھی پوزیشن پر کھڑے ہیں۔ ہمارے پاس وقت ہے ، ہم پوری کوشش کریں گے کہ میچ میں کامیابی حاصل کریں ۔ معلوم تھا کہ لیڈز میں 240 یا 230 رنز کا تعاقب کرنا اتنا آسان نہیں ہو گا۔بدقسمتی سے بیچ میں ہماری صرف ایک پارٹنرشپ لگی۔ دھڑکنیں تو بہت زیادہ تیز تھیں۔افغان سپنرز بہت اچھے ہیں، انھوں نے پِچ اور کنڈیشنز کو بہت اچھا استعمال کیا۔ان کے سپنرز نے بڑی اچھی بائولنگ کی لیکن آخر میں جس ٹیم نے پریشر ہینڈل کیا وہ پاکستان کی ٹیم تھی۔ عماد نے بہت زبردست اننگز کھیلی اور جس طرح ان کا ساتھ شاداب اور وہاب ریاض نے دیا وہ بہت زبردست تھا۔جو چیز ہمارے ہاتھ میں ہے ہمیں اس پر کنٹرول رکھنا چاہیے اور جو چیز ہمارے ہاتھ میں نہیں اس پر ہمارا کنٹرول نہیں۔ وہ موجودہ پوزیشن سے مطمئن ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کے لیے آگے اور آسانیاں پیدا ہوں گی۔سری لنکا والے میچ میں تو یہ چیز ہمارے ہاتھ میں نہیں تھی کیونکہ بارش ہو گئی اور صرف ایک پوائنٹ ملا۔آسٹریلیا کے خلاف میچ ایک ایسا مقابلہ تھا کہ ہماری اچھی پوزیشن تھی اور وہاں ہم جیت سکتے تھے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے اور اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں اْتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن