عمران منی لانڈرنگ اور ٹی ٹی شریف والوں کیلئے فاشسٹ ہیں: فردوس عاشق
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مضبوط پاکستان کا نشان عمران اور صرف عمران خان ہے۔ عمران خان منی لانڈرنگ اور ٹی ٹی شریف والوں کیلئے فاشسٹ ہیں، محنت کش اور عام پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی مثال ٹرائوٹ مچھلی کی طرح ہے جو پانی کے بہائوکے مخالف چلتی ہے۔ انہوں نے لیڈر شپ کے پیچھے نہیں چلنا لیڈ کرنا ہے۔ عمران وہ واحد لیڈر ہے جس نے ٹرمپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور اب باعزت طریقے سے امریکہ کے دورے پر جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پہلے وہ مہمان تھیں بعد ازاں میزبان بن گئیں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے سرانجام دئیے۔ فردوس عاشق اعوا ن نے کہا اخبار فروشوں کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میںشامل ہے ان کے لئے ٹکا خان کی جدوجہد ناقابل فراموش اور ان کا عزم لازوال ہے۔ نئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہماری ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا عمران کا کسی سے ذاتی جھگڑا نہیں ان کی لڑائی عوا م کا استحصال کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ اب کسی کو عوام کے پیسہ سے بے نامی جائیدادیں خریدنے کی جرات نہیں ہوگی۔ چارٹر آف ڈیموکریسی اصل میں چارٹر آف کرپشن ہے۔ لیکن یقین رکھیں عمران کسی کو غریب کا حق مارنے نہیں دے گا۔ رانا ثناء اللہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پولیس مقابلوں میں بے گناہوں کو ٹھکانے لگانے والاجلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔ قوم عوام کو نشے کی لت میں دھکیلنے والوں کا گھیرائو کرے گی۔ اوپر سے نیچے تک سب کو حساب دینا ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس آپ کا حق ہے آپ کے لئے ٹرینوں کا کرایہ آدھا کرنے کی سفارش کروں گی۔ اخباری صنعت سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (برنا ) کے صدر افضل بٹ، عقیل عباسی،پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صدر قاضی ظہور اعوان، اخبار فروش فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ حاجی اقبال نون، صدر پریس کلب شکیل قرار، جنرل سیکرٹری پریس کلب انور رضا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔