راناثنا کو کچھ ہوا تو عمران کیخلاف مقدمہ کریں گے: اہلیہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ نے کہا ہے کہ رانا صاحب کی طبیعت با لکل ٹھیک نہیں ہے، اگر انہیں کچھ ہوا تو ایف آئی آر عمران خان کے خلاف در ج کرائیں گے۔ قبل ازیں رانا ثناء اللہ کی فیملی کودو روز بعد ملاقات کی اجازت مل گئی تھی۔ رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دو دن سے رانا صاحب کو کھانا نہیں دیاگیا، جبکہ دو روز گزرنے کے بعد صرف ایک سلائس کھانے کو دیاگیا ہے، رانا صاحب کا بستر بھی واپس بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ انہیں استعمال کے لیے صرف ایک چادر دی گئی ہے۔ رانا ثناء کی اہلیہ نے کہا کہ رانا صاحب مشرف دور میں بھی باعزت بری ہوئے تھے اور اب بھی ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے اراکان اسمبلی خلیل طاہر سندھو، رانا ارشد اور میاں منان نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر احتجاجاً کیمپ جیل کے دروازے پر دھرنا دیدیا ۔ ارکان اسمبلی نے جیل کے عملے کو اپنا تعارف کرایا اور اندر جانے کی اجاز ت طلب کی تاہم جیل عملے نے انہیں کہا کہ ملاقاتیوں کی فہرست میں آپ کا نام شامل نہیں۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ وکیل کو ملزم سے ملاقات کرنے سے نہیں روکا جا سکتا، میں قائمہ کمیٹی کا ممبر بھی ہوں ۔ رانا ثنا اللہ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، راناثنا اللہ کے مخالفین نے بھی کبھی ان پر منشیات کا الزام نہیں لگایا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ واقعہ کا ازخود نوٹس لیں۔ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرنے سے دو روز قبل ایک سازش کے تحت سکیورٹی واپس لی گئی۔ منصوبہ بندی کرنے والوں کو معلوم تھا کہ پولیس اہلکار گواہ نہیں بنیں گے۔ دیگر رہنمائوں نے کہا کہ حکومت کے منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔