برطانیہ ہائی کمشنر کی ملاقات، شاہ محمود نے سٹیڈیم میں قومی ٹیم کیساتھ ہتک آمیز رویے کا معاملہ اٹھایا
اسلام آباد (آئی این پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے سٹیڈیم کا استعمال تشویشناک ہے،برطانوی شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے امسال موسم خزاں میں متوقع دورہ پاکستان کی خبر خوش آئند ہے ،حکومت پاکستان اور عوام کنسنگٹن پیلس کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔جمعرات کو پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔اس دوران برطانوی ہائی کمشنر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ،برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ (ورلڈ کپ 2019) کے دوران پاکستان مخالف بینرز لہرائے جانے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہتک آمیز رویے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شانے کہا پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے سٹیڈیم کا استعمال تشویشناک ہے۔برطانوی شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے امسال موسم خزاں میں متوقع دورہ پاکستان کی خبر خوش آئند ہے۔حکومت پاکستان اور عوام کنسنگٹن پیلس کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔