• news

سابق دور میں معیشت کے ساتھ گھنائونا کھیل کھیلا گیا، ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلیٰ فرداً فرداً ہر شخص کی نشست پر گئے، ہاتھ ملایا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مجھے عام آدمی کے مسائل کا علم ہے اور لوگوں کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھ کر حل کرتا ہوں۔ میرے دروازے کھلے ہیں، عوام سے ہر وقت رابطہ رکھتا ہوں۔ آپ کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے اور آپ کے جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا۔ سابق ادوار میں غلط پالیسیاں بنا کر معیشت کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا اور مصنوعی اعداد وشمار کے ذریعے عوام سے حقائق چھپائے گئے۔ خراب صورتحال کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے عام آدمی کے مسائل سے پہلو تہی کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ ہر کام میرٹ پرہوگا، کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ سچ بولتے ہیں اور سچی لگن سے عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے اور نہ ہی شو بازیاں کریں گے۔ حالات دن بدن بہتری کی جانب جا رہے ہیں، اچھا وقت دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہماری طاقت ہیں۔ ہم نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ شہید فوجی جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلی نے تربیلا جھیل میں کشتی الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن