ججز کیخلاف ریفرنس، سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 12 جولائی کو طلب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 12جولائی کو طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل انور منصور خان کو نوٹس جاری کرکے ان سے جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے جواب پر جوالجواب طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے دو جولائی کے اجلاس کے موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کی طرف الگ الگ جواب جمع کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی نے اعلی عدلیہ کے ججوں کا مواخذہ کرنے والے فورم سپریم جوڈیشل کونسل کو تحریری جواب میںاستدعا کی ہے، کہ ان کے جواب کو عام کیا جائے۔ جواب کو مفاد عامہ کے لیے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔