• news

بنک آف پنجاب کے سابق صدر نعیم الدین کیخلاف نیب نے ریفرنس دائر کردیا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بینک آف پنجاب (بی او پی) کے سابق صدر نعیم الدین خان کے خلاف انسائیڈر ٹریڈنگ، اختیارات کا غلط استعمال اور بینک میں غیر قانونی فائدہ اٹھانے کے الزام میں ریفرنس دائر کردیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت میں تفتیشی افسر واجد حسین ملک نے سابق صدر بینک آف پنجاب نعیم الدین خان کے خلاف ریفرنس دائر کیا۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق صدر بینک آف پنجاب کی جانب سے مبینہ طور پر انسائیڈر ٹریڈنگ کے معاملے میں انکوائری کے لیے نیب اور ایس ای سی پی کی ایک مشترکہ جے آئی ٹی کی اجازت دی تھی۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نعیم الدین خان نے 5 اور 6 دسمبر 2016 کو بینک آف پنجاب کے شیئرز میں موجود اپنی تمام ہولڈنگ کو ختم کردیا تھا جبکہ 6 دسمبر 2016 کو اپنی پوری ہولڈنگ کو آف لوڈ کردیا تھا، جس سے نعیم الدین خان کو ایک کروڑ 3 لاکھ 85 ہزار 65 روپے کا فائدہ ہوا تھا۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر بی او پی پر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں شیئرز خریدنے کا الزام ہے، جس سے انہیں کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچا جبکہ انسائڈر ٹریڈنگ کے ذریعے راز شیئرہولڈرز کو بتایا۔

ای پیپر-دی نیشن