شاہ محمود سے فردوس عاشق اعوان، احمد بلال محبوب، قازق سفیر کی ملاقاتیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو اْجاگر کرنے کے لیے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے ۔ہم نے معاشی سفارتکاری کا آغاز کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالاثقافتی ملک ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ان کی ترویج کیلئے بھی میڈیا کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا ۔فردوس عاشق اعوان نے پاکستان کے تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور بہترین سفارت کاری کو اپنانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی ۔ دریں اثناء پاکستان میں تعینات رہنے والے قازقستان کے سفیر بارلی بے سادیکوف نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی ،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو وسعت دلانے کے سلسلے میں، قازق سفیر کی خدمات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کے نزدیک ،وسط ایشیائی ریاستوں میں قازقستان خاص اہمیت کا حامل ہے ۔پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر احمد بلال محبوب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وزراء کی کارکردگی کو جانچنے کا اقدام قابلِ تحسین ہے۔ اس سے قبل بھی حکومتیں اس قسم کے اعلانات کرتی رہی ہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت پہلی حکومت ہے جس نے اس حوالے سے عملی اقدام کیا ہے۔